Tuesday, February 06, 2007, Muharrmm-ul-Haram 17,
آج کا اخبار
سندھ بھر سے,,,,,,................................................. ووٹ کے تقدس کو کسی صورت میں پامال نہیں ہونے دیں گے، پیپلز پارٹی
بدین (نامہ نگار) پیپلز پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں پیپلز یوتھ اور خواتین ونگ نے10 فروری کو کوٹری اورکراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے موقع پر پی پی کے امیدواروں نفیس احمد صدیقی اور ڈاکٹر سکندر شورو کی کامیابی کے لیے پولنگ کے روز پولنگ کے آخری عمل تک پولنگ اسٹیشنوں پر رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے بعد پی پی پی سندھ کی سیکریٹری اطلاعات اور ایم این اے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سندھ پیپلز یوتھ کے مرکزی صدر عاجز دھامرہ، سیکریٹری اطلاعات تنویر آرائیں، سیکریٹری اطلاعات پی پی پی حیدرآباد آفتاب خان زادہ، خواتین ونگ سندھ کی آرگنائزر اور ایم این اے شگفتہ جمانی، حیدرآباد ڈویژن کی صدر حنا عاجز اور دیگر نے صحافیوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر حکومت نے 10 فروری کو سرکاری امیدواروں کو زبردستی دھاندلی کے ذریعے عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کی تو پی پی پی عوام کے ووٹ کی حفاظت کے لیے بھرپور مزاحمت کرے گی اور ووٹ کے تقدس کو کسی صورت میں پامال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیاں ہی نہ صرف ضمنی انتخاب بلکہ عام انتخابات میں عوام کی کمنٹمنٹ کا باعث بنیں گی۔
خیرپور ناتھن شاہ (نامہ نگار) خیرپور ناتھن شاہ میں بائی پاس کے مقام پر ایکسائز پولیس نے انسپکٹر جمیل احمد کھوہارو کی سربراہی میں مخفی اطلاع ملنے پر ناکہ بندی کے دوران گزرنے والے ٹرک نمبر کیو اے ڈی 1399 پر چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کی 20 کلوگرام چرس برآمد کرلی جبکہ 3 ملزمان خادم علی شیخ، حضور بخش ابڑو اور رضوان علی بھٹو کو گرفتار کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔
نواب شاہ (بیورو رپورٹ) نواب شاہ پولیس نے ایم پی اے کا ٹرانسپورٹ کا اڈہ بند کرادیا۔ اڈے سے 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو اے سیکشن پولیس نے کچہری روڈ پر واقع پیپلز پارٹی کے ایم پی اے چوہدری طارق مسعود آرائیں کا ٹرانسپورٹ کا اڈہ بندکرادیا ہے۔ اس سلسلے میں اڈے کے منیجر آصف اعوان نے نواب شاہ پریس کلب میں صوفی سلیم‘ محمد شفیق‘ امیر اعوان اور دیگر ٹرانسپورٹروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پیر کی صبح ٹی پی او‘ ایس ایچ او اے سیکشن اور ٹریفک سارجنٹ کی سربراہی میں پولیس نے کوچ سروس کے اڈے کو گھیرے میں لے کر 5 ملازمین جمیل احمد کھوکھر‘ سکندر علی زرداری‘ غلام مصطفی بخاری‘ محمد رمضان گجر اور محمد اقبال جٹ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں لاک اپ کردیا جبکہ اڈہ بھی بند کرادیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس سے قبل بھی اڈہ بند کرانے کی کوشش کی تھی جس کے بعد ہم نے کورٹ سے حکم امتناع حاصل کیا لیکن پولیس نے اس کے باوجود کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس کی اس کارروائی کے خلاف عدالت میں توہین عدالت کا مقدمہ دائر کریں گے۔ محمد آصف اعوان نے گرفتار ملازمین کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بینظیر بھٹواور آصف زرداری میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، قبول کھٹیان
ٹنڈو باگو (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما رئیس قبول خان کھٹیان نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو اور آصف زرداری میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ٹنڈو باگو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ووٹ بینک کم کرنے کے لیے بعض ناظمین کو مراعات دی جا رہی ہیں تاکہ پیپلز پارٹی کو مقبولیت کو کم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کو موجودہ اسمبلیوں سے دوبارہ صدر منتخب کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دے کر ان کا احتساب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 7/ فروری کو ٹنڈو باگو میں پیپلز پارٹی کا جلسہ ہو گا جسے سے صوبائی صدر سید قائم علی شاہ اور دیگر صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو باگو پہنچنے پر صوبائی قیادت کا پر جوش استقبال کیا جائے گا۔
شکارپور: 2 افراد گرفتار‘ مسروقہ موٹر سائیکل اور 2 پستول برآمد
شکارپور (نامہ نگار) تھانہ نیو فوجداری پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نیو فوجداری کی حدود محلہ کڑک شاہ میں محمد مراد راٹو جتوئی اور غفار نواز جتوئی اسلحہ کے زور پر شہاب ولد حق نواز سرمد سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے تو محلہ والوں نے پولیس کو اطلاع دے کر ان کا پیچھا کیا اور دونوں کو پولیس نے گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو پستول اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
سندھ بھر سے
سکھر:پولیس مقابلے میں 3/ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد
سکھر( بیورو رپورٹ) سکھر پولیس نے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو نے والے 3 ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برامد کر لی ہے، یہ واقعہ سکھر کے دیہی علاقے کندھرا میں پیش آیا جہاں عبدالغنی پل نامی شخص سے تین ملزمان نے اْس کی موٹر سائیکل چھین اور فرار ہو گئے اس واردات کی اطلاع کندھرا پولیس کو ملی تو اْس نے علاقے میں ناکہ بندی کر لی اس دوران پولیس نے تینوں ملزمان دیکھتے ہیں گرفتار کر نے کی کوشش کی لیکن ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جواباً پولیس نے بھی فائرنگ کی اور مقابلے کے بعد تین ملزمان برکت علی،گلشن کٹوہر اور محمدمدن کو گرفتار کر کے اْن کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور3پستول برامد کر لیے، پولیس ملزمان سے تفتیش کر رہی ہے پولیس کا خیال ہے کہ تینوں ملزمان علاقے میں لوٹ مار اور رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ملک بھر سے
ہلاک
گوجرانوالہ ، سرگودھا (نمائندہ جنگ / نامہ نگار) گوجرانوالہ میں پتنگ بازی کرتے ہوئے چھت سے گر کر ایک بچہ ہلاک اور 8 شدید زخمی ہو گئے جبکہ سرگودھا میں گلے پر ڈور پھرنے سے ایک4 سالہ بچے کی شہ رگ کٹ گئی ، لاہور میں بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے ایک بچہ زخمی ہو گیا۔ فیصل آباد میں بھی ایک بچہ پتنگ لوٹتے ہوئے چھت سے گر کر جاں بحق ہو گیا،گوجرانوالہ سے نمائندہ جنگ کے مطابق فیروز والا میں 5 سالہ فیصل محمود ولد جاوید احمد چھت پر پتنگ لوٹتے ہوئے گر کر موقعہ پر ہلاک ہوگیا۔ شاہین آباد کی ثمرہ نورین، کنگنی والا سے شوکت علی، فرید ٹاؤن کا محمد شعیب، ابوبکر، محمد چاند چھتوں پر پتنگ بازی کرتے ہوئے گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ دو بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق مقام حیات کا رہائشی محمد طاہر اپنے چار سالہ اکلوتے بیٹے طیب کے ہمراہ اپنے موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ بلاک 29 کے قریب پتنگ کی کیمیکل ڈور بچے کی گردن پر پھر گئی۔ جس سے اس کی شہ رگ کٹ گئی۔ طیب کو بچاتے ہوئے اس کے والد محمد طاہر کے بھی ڈور لگنے سے ہاتھ زخمی ہو گئے۔ راہگیروں نے دونوں زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال داخل کروا دیا گیا جہاں 4سالہ طیب کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بچے کی حالت دیکھ کر ماں کو غشی کے دورے پڑنے لگے جبکہ باپ بے ہوش ہوگیا۔
15
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں سے پیر کو نامعلوم افراد 15 موبائل فونز اور 25 کاریں چوری وچھین کر لے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں کی حدود سے نامعلوم ملزمان 15 موبائل فونز اور 11 کاریں اور 14 موٹر سائیکلیں چوری وچھین کر لے گ
کوئٹہ اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش
اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) پیر کے روز کوئٹہ اور شمالی بلوچستان کے چند ایک مقامات پر ہلکی بارش ہوئی جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کشمیر‘ بالائی پنجاب‘ بالائی سرحد میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔سندھ میں بدستور دن کا درجہٴ حرارت بلند ہے۔ نواب شاہ میں زیادہ سے زیادہ درجہٴ حرارت 34ہوگیا ہے۔ کراچی اور لاڑکانہ میں زیادہ سے زیادہ درجہٴ حرارت 30‘ حیدر آباد میں 33 اور سکھر میں 32ڈگری ریکارڈ کیا گ
بینظیر نے وطن واپسی کی تاریخ کااعلان نہیں کیا، فرحت اللہ بابر
اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سابق سنیٹر فرحت اللہ بابر نے کچھ اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کی وضاحت جاری کی ہے جس میں محترمہ بینظیر بھٹو سے یہ منسوب کیا گیا ہے کہ انہوں نے وطن واپسی کی تاریخ کا رسمی اعلان کردیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے واپسی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ سنیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان میں عام انتخابات کے شیڈول کااعلان ہونے کے بعد وطن واپس آئیں گی اور محترمہ بینظیر بھٹو کی واپسی کی تاریخ کا اعلان
میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری کیا جائیگا
دنیا بھر سے
عراق: جھڑپیں اور بم دھماکے، امریکی فوجی سمیت 30افراد ہلاک، بغداد میں بڑا کریک ڈاوٴن شروع
بغداد (جنگ نیوز)جھڑپوں اور بم دھماکوں میں امریکی اور برطانوی فوجیوں سمیت 30افراد ہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے۔ سعیدیہ میں پیٹرول پر خود کش ٹرک حملہ کیا گیا،عراقی نائب صدر نے امریکا سے مزید فوج بھیجنے کے منصوبے پر فوراً عمل کرنے کا مطالبہ کیاہے جبکہ امریکی اور عراقی سکیورٹی فورسز نے بغداد میں بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے تفصیلات کے مطابق خود کش بم دھماکہ بغداد کے جنوب مغربی علاقے السعیدیہ کے ایک پٹرول سٹیشن پر اس وقت ہوا جب وہاں پٹرول خریدنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خودکش حملہ آور ٹرک میں پٹرول سٹیشن میں داخل ہوا جس کے بعد ٹرک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا دھماکے میں 10افراد مارے گئے اور کم از کم 60زخمی ہوئے۔ وسطی علاقے ناحدہ میں ہونیوالے کار بم حملے میں بھی 10افراد ہلاک ہوئے اور 15زخمی ہوئے۔ مشرق میں السینا نامی علاقے میں بچوں کے ایک اسپتال کے نزدیک کار بم حملے میں چار افراد ہلاک اور 14زخمی ہوئے۔ دارالحکومت کے وسطی علاقے باب الشیخ میں مارٹرگولہ گرنے سے ایک شہری ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔ المستنصریہ یونیورسٹی کے نزدیک بھی سڑک کے کنارے رکھا گیا ایک بم پھٹنے سے ایک راہگیر ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں موصل میں نینوا کے گورنر کے قافلے پر حملے میں 3محافظ زخمی ہوگئے العمل نامی علاقے سے مزاحمت کاروں اور مقامی رہائشیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاع ملی ہے جس کی زد میں آنے سے ایک پچیس سالہ خاتون ہلاک ہو گئی ہیں۔ سموا موصل کرکوک اور بصرہ سے بھی پرتشدد کارروائیوں پولیس اور سرکاری عہدیداروں کے قافلوں پر حملوں میں 2افرادہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بصرہ میں برطانوی فوج کا ایک قافلہ سڑک کے کنارے رکھے گئے بم کی زد میں آ گیا جس کے پھٹنے سے ایک برطانوی فوجی مارا گیا۔ صوبے دیار میں ایک امریکی فوجی بھی مارا گیا۔ بغداد میں مزاحمتی کارروائیوں پر قابو پانے کے لئے امریکی اور عراقی افواج نے مشترکہ آپریشن شروع کر دیا۔ عراقی جنرل ابودگمبر اس کمانڈ سینٹر کی کمان سنبھال رہے ہیں امریکی اور عراقی فوجی ہزاروں کی تعداد میں بغداد کی گلیوں میں جمع ہیں۔
جنوبی افریقا: غیرفانونی تارکین وطن کی کشتی خراب، پاکستانیوں سمیت200افراد پھنس گئے
نواکشوط(ٹی وی رپورٹ) غیرقانونی تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی مغربی افریقا کے ساحل کے نزدیک خراب ہوگئی ،جس میں پاکستانیوں سمیت 200افراد ساحل پر پھنس گئے،جبکہ کشتی کو لنگرانداز ہونے کی اجازت نہیں مل سکی ، جس کے باعث مسافر وں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کشتی200 کے قریب افراد سوار ہیں اور زیادہ تر پاکستانی ہیں۔ کشتی ماریطانیہ کے ساحل سے 12کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ماریطانیہ کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ماریطانیہ کشتی کو قبول کرنے سے انکار کررہا ہے۔ قبل ازیں اسپینی وزارت داخلہ نے اطلاع دی تھی کہ ماریطانیہ نے مدد کے لیے رضامندی ظاہرکی ہے۔
مہاتیر نے بش اور بلیئر کو قاتل اور جنگی مجرم قرار دیدیا
کولالمپور (جنگ نیوز)ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمدنے برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر اور امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کو القاعدہ سے بڑی برائی اور بڑے قاتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں نے عراق میں جس قدر دہشت گردی کی، اس قدر دہشت گردی القاعدہ نے پوری دنیا میں نہیں کی،انہوں نے کہا دونوں افراد جنگی مجرم ہیں اور ان پر عراق پر حملے کے جرم میں مقدمہ چلانا چاہیے۔ اپنی غیر سرکاری تنظیم پردانا کے زیر اہتمام تین روزہ کانفرنس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے مہاتیر محمد نے دونوں عالمی رہنماؤں کو جھوٹے اور عراقی بچوں کے قاتل قرار دیا۔ مہاتیر محمد نے بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے عراقی، فلسطینی اور لبنانی نمائندے کانفرنس کے دوران برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر، امریکی صدر جارج ڈبلیو بش اور آسٹریلوی وزیراعظم جان ہاورڈ کے خلاف زبانی اور تحریری شکایات درج کرائیں گے جس کے بعد کوالالمپور وار کرائمز کمیشن میں تینوں رہنماؤں کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس مقدمہ کے نتیجہ میں ٹونی بلیئر یا کسی دوسرے رہنما کو پھانسی نہیں دی جا سکتی تاہم انہیں جنگی مجرم کا خطاب ضرور مل جائے گا۔
عرب ممالک مسجد اقصیٰ پر ممکنہ اسرائیلی جارحیت کو ناکام بنا دیں، فلسطینی رہنما
ریاض (اعجاز طاہر اعوان/ نمائندہ جنگ) فلسطینی رہنما نے عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ پر ممکنہ اسرائیلی جارحیت کے منصوبے کو ناکام بنا دیں۔ القدس کی شرعی عدالت کی سپریم کونسل کے سربراہ شیخ تیپر التمیمی نے او آئی سی اور عرب لیگ سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی جارحانہ سازش کیخلاف سفارتی ذرائع کا استعمال کریں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل جلد ہی مسجد اقصیٰ کیخلاف جارحیت کامنصوبہ نافذ کرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکام فلسطینی علاقوں کے المناک حالات سے ناجائز فائدہ اٹھا کر مسجد اقصیٰ کی عمارتوں پر وحشیانہ حملے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ شیخ تیپر نے کہا کہ عرب ممالک باہم مل کر مسجد اقصیٰ اور اس کی عمارتوں و تنصیبات پر اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے سیاسی اور سفارتی دباؤ ڈالیں۔ یاد رہے کہ ان دنوں مسجد اقصیٰ کے صحن غازیوں سے بھرے رہتے ہیں۔ فلسطینی عوام قبلہ اول کے دفاع کا بھرپور طریقے سے تہیہ کئے ہوئے ہیں۔
جرمنی:چائنیز ریسٹورنٹ سے 6افراد کی لاشیں برآمد
برلن (ٹی وی رپورٹ)جرمنی کے شمالی شہر سیٹن سن میں ایک چائنیز ریسٹورنٹ سے6 افرادکی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں3 عورتیں اور3مرد شامل ہیں اورانہیں رسیوں سے جکڑکر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا جبکہہلاک شدگان کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہوسکتاہے۔پولیس نے بتایا ہے کہ ریسٹورنٹ سے ایک47 شخص کی لاش بھی ملی ہے جو وہاں اپنی بیوی کولینے آیا تھا نیز تمام لاشیں عمارت کے مختلف کمروں میں بکھری ہوئی تھیں۔
امریکا سے
امریکی کانگریس میں 2008ء کیلئے 29کھرب ڈالر کا بجٹ پیش، فوجی اخراجات کیلئے 235ارب ڈالر کے اضافی فنڈ کا مطالبہ
واشنگٹن (جنگ نیوز) صدر بش نے مالی سال 2008کیلئے 29کھرب ڈالر کا بجٹ کانگریس میں پیش کردیا جس میں فوجی اخراجات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے 235 ارب ڈالر کے اضافی فنڈ کا مطالبہ کیا گیا ہے جس میں یکم اکبوتر سے شروع ہونے والے مالی سال کے دوران صرف دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے 141ارب 70 کروڑ ڈالر کا ہنگامی فنڈ مختص کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس میں برائے سال 2007ء بیرون ملک جاری دہشت گردی کیخلاف فوجی مشنوں کیلئے 93 ارب 40کروڑ ڈالر کا اضافی فنڈ بھی شامل ہے۔ بجٹ میں سال 2012ء تک امریکی فوج اوربحریہ کی تعداد 4لاکھ 82 ہزار 4 سو سے بڑھا کر 5 لاکھ 47 ہزار 4 سو کرنے کیلئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ صدر بش عراق اور افغان جنگ کی وجہ سے 2011ء تک بحریہ کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزا ر سے بڑھا کر 2 لاکھ 20 ہزار کرنے کے خواہشمند ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق بشمول سال 2008ء دہشت گردی کیخلاف امریکی جنگ کے اخراجات 661 ارب 90کروڑ ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ صدر بش نے دہشت گردی کے خلاف سالانہ بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کی درخواست کی ہے۔وہ اب تک ریپبلکن کے زیرکنٹرول کانگریس سے اضافی فنڈ کی درخواستوں کے ذریعے سرمایہ حاصل کرتے رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے بجٹ ڈائریکٹر راب پورٹ مین نے امریکی ٹی وی کو بتایا کہ موجودہ بجٹ میں دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے طلب کردہ فنڈ میں 90 فیصد عراق میں استعمال کیا جائے گا جبکہ افغانستان کیلئے 12 ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں۔
امریکا سے
پاکستان کو امریکا اور ایران میں کشیدگی ختم کرانی چاہئے‘ بینظیر
واشنگٹن (مانیٹرنگ سیل) سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو نے کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی ہے ہم دوستوں کا انتخاب تو کر سکتے ہیں مگر پڑوسیوں کو نہیں چن سکتے۔ اس لئے بہت ضرور ی ہے کہ اپنی ہمسائیگی میں امن رکھنے کی کوشش کریں۔ وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے بینظیربھٹو نے کہا کہ پاکستان کے روایتی طورپر ایران کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں اور جنرل پرویز کے اس وقت امریکا کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں خصوصی طور پر امریکی صدر کے ساتھے اچھے تعلقات ہیں ان حالا ت میں پاکستان کی کوشش ہونی چاہئے کہ سفارتکاری اور سیاسی بات چیت کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان موجود کشیدگی دور کی جائے کیونکہ اگر ہمارے خطے کے اندر ایک اور جنگ ہوئی تو اس کا ردعمل بہت خطرناک ہو گا اور پاکستان کو جنگ کے بادل دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ ہمیں شملہ معاہدے کے تحت بھارت سے بہتر تعلقات قائم کرنے چاہئیں تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات اس وقت کئی شعبوں میں جاری ہیں اگر آپ پاکستان کی وزیراعظم بنتی ہیں تو آپ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات چاہیں گی ، بینظیر بھٹو نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ وہ یہ چاہتی ہیں کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات زیادہ تر تجارت اور سرمایہ کاری میں ہوں مگر یہ اس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک ہمارے ملک کے اندر انتہاپسند، عسکریت پسندگروپ موجود ہیں۔ دہشت گردی اورطالبان کا ایک نظام ابھر رہاہے۔ افغانستان کے اندر خانہ جنگی ہے۔ بینظیر بھٹو نے اس خیال کا اظہار کیا کہ سب سے پہلے ہمیں یہ کوشش کرنی چاہئے کہ ہم اپنے خطے کے اندر امن قائم کریں اور اپنے ملک کے اندر اندرونی مشکلات جیسا کہ بلوچستان کے اندر علیحدگی پسند سوچ بڑھ رہی ہے، کو ختم کرنے کی کوشش کریں ۔
یورپ سے
کلاس روم میں نقاب کی اجازت دینے سے انکار،مسلمان گروپ نے اسکول کو گیس کیلئے مالی امداد کی پیشکش کردی
لندن (اسٹاف رپورٹر) ایک مسلمان گروپ نے اس سکول کو اپنا کیس لڑنے کے لئے مالی امداد کی پیشکش کی ہے جو 12 سالہ مسلمان لڑکی کو کلاس روم میں نقاب پہننے کی اجازت دینے سے انکار کررہا ہے۔ مسلم ایجوکیشن سنٹر آکسفورڈ نے سکول کے ہیڈٹیچر کو خط لکھا ہے جس میں وعدہ کیا گیا ہے کہ اگر سکول کیس کو عدالت میں لے جائے تو وہ مالی مدد کرے گا جبکہ میکو کے چیئرمین تاج ہارگے نے کہا ہے کہ وہ قومی سطح پر مسلمانوں میں مہم بھی منظم کریں گے کہ وہ ”سعودی طرز پر“ مسلمان عورتوں کے لئے نقاب لازمی قرار دینے کی مزاحمت کریں۔ یہ پیشکش ایسے وقت کی گئی ہے جب سکول کو مالی سرپرستی کے بغیر بہت زیادہ عدالتی اخراجات کا سامنا ہے۔ یہ رقم پانچ لاکھ پونڈ تک ہوسکتی ہے۔ عدالت میں کیس ہونے کی وجہ سے برکشائر کے اس سکول اور اس کی طالبہ کا نام شائع کرنے پر پابندی ہے۔ لوکل اتھارٹی اس کیس کو عدالت میں چیلنج کرنے پر رضامند نہیں۔ ایک عدالت جمعرات کو فیصلہ کرے گی کہ کیا بارہ سالہ لڑکی پر پابندی لگانے کے اس کیس کی ”مکمل نظرثانی“ ہونی چاہئے۔ سکول میں مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے کی اجازت ہے لیکن نقاب کی اجازت نہیں۔ لڑکی کے والد کو انسانی حقوق کے تحت کیس لڑنے کے لئے لیگل ایڈ دی گئی ہے اگر عدالت کیس کو آگے لے جانے کی اجازت دیتی ہے تو سکول مالی مجبوریوں کے تحت نقاب کو سکول کی پالیسی بنانے پر مجبور ہو جائے گا۔ میکو کے چیئرمین ڈاکٹر ہارگے نے کہا ہے کہ چونکہ سکول نے پہلے ہی مسلمان لڑکیوں کو حجاب پہننے کی اجازت دے رکھی ہے نقاب کی ضرورت نہیں رہتی جبکہ ویکمب کے ممبر پارلیمنٹ پال گڈمین نے کاؤنٹی کونسل پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ سکول کی مالی مدد کرے تاکہ ڈریس کوڈ کا تعین کیا جا سکے
برطانوی وزراء کی کشمیری لیڈروں اور حکام سے ملاقات پر پابندی
لندن (اسٹاف رپورٹر) دفتر خارجہ نے کابینہ کے ارکان اور جونیئر وزراء پر آزادکشمیر کے اعلیٰ حکام اور دوسرے لیڈروں سے سرکاری طور پر ملاقات کی پابندی عائد کر دی ہے اور انہیں ایسی ملاقاتوں سے گریز کی سختی سے ہدایت کی ہے، تاہم ان کے لیے یہ رعایت برقرار رکھی ہے کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب میں سرجری کے موقع پر ایسی ملاقاتیں کریں تو دفتر خارجہ کو اعتراض نہیں۔ ایسی ملاقاتیں ماضی میں بھی وزراء بطور ارکان پارلیمنٹ ووٹروں کی درخواست پر کرتے آئے ہیں۔ دفتر خارجہ نے سرکاری ملاقاتوں پر پہلے بھی پابندی لگا رکھی تھی اور ماضی میں آزادکشمیر کے وزراء اعظم یا وزراء سے یہ ملاقاتیں سرکاری دفاتر کی بجائے حلقہ انتخاب میں ہوتی آئی ہیں کیونکہ دفاتر میں ملاقاتوں سے سرکاری ہونے کا تاثر ملتا ہے لیکن گزشتہ ڈیڑھ سال سے یہ عمل قدرے سست ہو گیا تھا اور بعض وزراء نے پارلیمنٹ میں اپنے دفاتر میں ملاقاتیں شروع کردی تھیں۔ پابندی کی ضرورت اس لئے بھی پڑی ہے کہ ملاقات کرنے والے کشمیری لیڈر ملاقات کے بعد یکطرفہ طور پر ایسے بیانات جاری کرتے رہے ہیں، جن سے یہ تاثر ملتا تھا کہ برطانیہ نے کشمیر کے بارے میں اپنی پالیسی تبدیل کردی ہے یا وہ کشمیر کے مسئلہ پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے یا پھر وہ یورپی یونین پر اس مقصد کے لیے اثر انداز ہو رہا ہے۔ ان بیانات کا بھارت سخت نوٹس لیتا رہا ہے، اب لندن میں بھارتی ہائی کمیشن یہ معاملہ دفتر خارجہ کے نوٹس میں لے کر آیا ہے، جس کے بعد پابندی کا احیا کرنا پڑا۔ برطانوی حکومت بھارت اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو علیحدہ حکومت تسلیم نہیں کرتی اور سرکاری طور پر ریاست کے دونوں حصوں کے ساتھ روابط نہیں رکھتی، چنانچہ مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ یا آزادکشمیر کے وزیراعظم یا وزراء سے ملاقات کوریاست کی انتظامیہ سرکاری طور پر تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔
کنجسچن چارج کمپنی کی ملازمہ کے ہاتھ میں لیٹر بم پھٹ گیا
لندن (جنگ نیوز) لندن کے کنجسچن چارج کا انتظام چلانے والی کمپنی کی ملازمہ اپنے ہاتھوں میں لیٹر بم پھٹنے سے زخمی ہوگئی۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کا انسداد دہشت گردی کا یونٹ دھماکے کی تحقیقات کررہا ہے جو کیٹپا کمپنی کے آفس واقع وکٹوریہ سٹریٹ پر ہوا جو ایوان پارلیمن¥
بزنس
آئی ٹی کے شعبے میں 2کروڑ 20لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان ہے اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے آئی ٹی کے شعبے میں 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ تفصیلات کے مطابق جولائی سے دسمبر 2005 تک کے دوران ملک میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے 80 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی جو جولائی سے دسمبر 2006 تک کے دوران بڑھ کر 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہو گئی اس طرح مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران آئی ٹی کے شعبے میں کی جانے والی غیرملکی سرمایہ کاری میں ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا ہے سب سے زیادہ سرمایہ کاری آئی ٹی کی خدمات میں کی گئی جو ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں اس میں صرف 97 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ سرمایہ کاری 32 لاکھ سے بڑھ کر 36 لاکھ ڈالر اور ہارڈویئر ڈیولپمنٹ میں سرمایہ کاری 4 لاکھ سے بڑھ کر 14 لاکھ ڈالر ہو گئی۔
ایران نے گزشتہ برس پاکستان سے 120ملین ڈالر کا چاول درآمد کیا
پاکستان سے ایران کو برآمد کیے جانے والے چاول پر عائد ٹیرف میں اضافے کی خبروں کے پیش نظر جوکہ پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے تشویش کا باعث بنا اور اس ضمن میں سفارتخانہ سے مسلسل رابطہ کیا جارہا ہے، شعبہ اقتصادی و تجارتی سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلام آباد نے اس غلط فہمی کے ازالے کے لیے جاری کردہ اعلامیے میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ اسلامی ممالک بالخصوص دوست اور اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ سفارتخانہ ہذا نے بھی دو طرفہ تجارت میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کو دور کرنے کے لیے اپنی تمام کوششوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر اس تجویز کا خیرمقدم کیا ہے جس کے ذریعے اس شعبے میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جاسکے۔ یکم دسمبر 2006 سے دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارت کے معاہدے پر عملدرآمد کے بعد تین سو سے زائد آئٹمز کے برآمدی اور درآمدی ٹیرف میں جن کا دونوں ممالک کے درمیان لین دین کیا جاتا ہے کمی کی گئی ہے اور تجارتی لین دین بڑھانے کے لیے پاکستانی تاجروں کو مناسب مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ پاک ایران مشترکہ سرمایہ کار کمپنی کے کام شروع کرنے کے ساتھ اس کمپنی کے قابل قدر سرمایہ سے امید ہے کہ ایرانی اور پاکستانی کمپنیوں کے لیے دونوں ممالک کے اندر انفرااسٹرکچر اور تجارت کے شعبہ میں مختلف منصوبوں میں شرکت کے مواقع فراہم ہوچکے ہیں اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ لین دین اور اقتصادی تعاون کی مئوثر سمت متعین ہوگی۔ پاکستان ایران کے پرائیویٹ سیکٹر کو درآمدی چاول فراہم کرنے والا اہم ترین ملک ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے کسٹمز کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ برس 120 ملین ڈالر سے زائد مالیت کا چاول پاکستان سے درآمد کیا گیا۔ ایران کے محترم نائب وزیر تجارت اور گورنمنٹ ٹریڈنگ کمپنی (GTC) کے ایم ڈی کی جانب سے حالیہ دورہ پاکستان میں حکومتی حکام اور نجی شعبہ کے تاجروں کو سالانہ ایک لاکھ ٹن جسے چار لاکھ ٹن تک بڑھایا جاسکتا ہے، چاول خریدنے کی پیشکش کی گئی جس کا ابھی تک واضح جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ چناچہ پاکستان کا کوئی تجارتی ادارہ مذکورہ مقدار میں چاول (ARRI-9) کی فراہمی کے ضمن میں مانیٹرنگ کی ذمہ داری قبول کرتا ہے تو پاکستان میں سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ ایران اس کا خیرمقدم کرے گا اور اس ادارے کو اس سلسلے میں معاہدے کے لیے GTC کو سفارش کرے گا تاکہ کمترین وقت میں (ممکنہ طورپر پاکستان کے محترم وزیر تجارت کے آئندہ ماہ ہونے والے دورئہ ایران کے دوران) متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں معاہدہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، GTCکی جانب سے چاول کے سالانہ سات لاکھ ٹن کے درآمدی پروگرام اور عالمی سطح پر چاول فراہم کرنے والے ممالک جیسے تھائی لینڈ، یوروگوئے، ویتنام، ارجنٹائن وغیرہ کے درمیان سخت مقابلے کے پیش نظر ایرانی حکومت کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ اس کی زیادہ سے زیادہ مقدار دوست اور ہمسایہ ملک پاکستان سے حاصل کی جائے۔ پاکستانی چاول کے (نجی شعبہ) میں ایرانی خریداروں کو مندرجہ ذیل تین حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ -1سرحدی علاقوں کی کوآپریٹو کمپنی:یہ کمپنی اسلامی جمہوریہ ایران کے سرحدی علاقوں میں رہنے والوں کی اقتصادی بنیاد کو مستحکم کرنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔ حکومت ان کے لیے مختلف سہولتیں جیسے ٹیکس سے استثنیٰ اور بعض عام استعمال کی اجناس جیسے چاول اور چائے وغیرہ کے درآمدی ٹیرف میں پچاس فیصد رعایت دیتی ہے۔ واضح رہے کہ اس کمپنی کی در